وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بے سہارا بیواؤں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے کے کیسز کے فوری حل کا حکم

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بے سہارا بیواؤں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے کے کیسز کے فوری حل کا حکم

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے سہارا بیواؤں کی جائیدادوں پر ناجائز قبضے کے کیسز کے فوری حل کی ہدایت کرتے ہوئے آرڈیننس 2025ء کے مکمل نفاذ کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جائیدادوں پر ناجائز قبضے کے خلاف ہر دن کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ان کی پیشرفت کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ڈسٹرکٹ ریکوری کمیٹی (DRC) کے اجلاس منعقد کریں اور ان اجلاسوں کی تفصیلات وزیراعلیٰ آفس کو فراہم کریں۔ مریم نواز خود اس معاملے کی مانیٹرنگ کریں گی اور ناجائز قبضے کے خلاف حکومتی اقدامات کی پیشرفت کو دیکھیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے مساجد میں اعلانات کئے جائیں گے تاکہ لوگ اس حوالے سے مکمل آگاہی حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں قبضے کے خلاف درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ متاثرہ افراد آسانی سے اپنی شکایات درج کروا سکیں۔

مریم نواز نے گجرات، لیہ، حافظ آباد اور دیگر اضلاع میں قبضے کے کیسز کے حل میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس مسئلے کے جلد حل سے عوام کو فوری ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرے گی تاکہ بے سہارا بیواؤں کو ان کی جائیدادوں پر جائز حق دیا جا سکے۔

ٹیگز: