لاہور: سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے اب بھاری جرمانے کے ساتھ مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ شہریوں میں نئے قوانین کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے۔
موٹر سائیکل کی خلاف ورزی پر 2 سے 3 ہزار، تھری وہیلر پر 2 سے 3 ہزار، 2 ہزار سی سی سے کم گاڑیوں پر 2 سے 5 ہزار اور 2 ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں پر 5 سے 20 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ کمرشل گاڑیوں کے جرمانے 10 سے 20 ہزار روپے تک ہوں گے۔
ہر خلاف ورزی پر پوائنٹس کٹوتی ہوگی اور 20 پوائنٹس کٹ جانے پر ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ کے لیے معطل ہو جائے گا۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر ایف آئی آر درج ہوگی اور چھ ماہ قید یا جرمانہ ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کی مدد، گاڑی کی ساخت میں تبدیلی، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑی چلانا، سیاہ شیشے اور دیگر خلاف ورزیوں پر بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔ تھری وہیلر ڈرائیور اور اگلی سیٹ کے مسافر کے لیے ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ لازمی ہوگی۔
سی ٹی او نے شہریوں پر زور دیا کہ قوانین کی بالادستی اور ٹریفک نظام کے استحکام کے لیے ان اقدامات پر عمل کریں۔