لاہور: پنجاب حکومت نے ہوا کی آلودگی کم کرنے اور شہری صحت کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت انسداد سموگ کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں پٹرول چلنے والے موٹر سائیکل رکشوں کی پیداوار مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری ادارے اب صرف الیکٹرک، ہائبرڈ گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکلیں خریدیں گے تاکہ سرکاری سطح پر بھی ماحول دوست پالیسی کو فروغ دیا جا سکے۔ علاوہ ازیں، پلاسٹک اور دیگر زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیاء جلانے پر سخت سزاؤں کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی صحت اور ماحول کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں کہا کہ یہ اقدامات شہریوں کی صحت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہیں اور حکومت اس پر سختی سے عمل درآمد کرائے گی۔