لاہور : حکومتِ پنجاب اور محکمہ تعلیم نے نئے تعلیمی سال کے موقع پر صوبے بھر کے طلباء کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے تقریباً 3 کروڑ مفت درسی کتب تقسیم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں پر تعلیمی اخراجات کا بوجھ کم کرنا اور شرح خواندگی میں اضافہ کرنا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، مختلف کلاسوں کے لیے کتابوں کی فراہمی کا تناسب درج ذیل رکھا گیا ہے۔ نرسری تا تیسری جماعت کے تمام طلباء کو 100 فیصد نئی اور مفت کتابیں فراہم کی جائیں گی۔ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلباء کو 80 فیصد کتابیں سرکاری طور پر ملیں گی۔ چھٹی تا نویں جماعت، مڈل اور ہائی سکول کے طلباء (6th سے 9th) کو 50 فیصد کتابیں فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق، کتابوں کی چھپائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں متعلقہ اضلاع کے گوداموں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے یہ اسکولوں کے سربراہان کے ذریعے طلباء تک پہنچائی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ کتب کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستحق طلباء تعلیمی سال کے آغاز پر ہی اپنی پڑھائی شروع کر سکیں۔