لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں اٹھانے اور صفائی ستھرائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔ 'ستھرا پنجاب' کی ٹیمیں صبح سویرے سے ہی صوبے بھر میں متحرک دکھائی دیں، جس کے نتیجے میں عید کے پہلے روز عوامی خدمت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے صفائی کا 103 فیصد ٹارگٹ مکمل کر لیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، صفائی مہم کے دوران اب تک ریکارڈ ایک لاکھ 20 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ اور آلائشیں کامیابی سے اکٹھی کر کے تلف کی جا چکی ہیں۔ اس گرینڈ آپریشن کے دوران 'ستھرا پنجاب' کی ٹیموں نے ریکارڈ 18 لاکھ 81 ہزار کلومیٹر سے زائد کا علاقہ (ایریا) کور کیا، جبکہ صوبے بھر میں ایک ہزار کلومیٹر سے زائد طویل سڑکوں کو عرقِ گلاب اور فینائل ملے پانی سے دھو کر مکمل صاف کیا گیا۔
دوسری جانب، عید کے موقع پر شہروں اور گلی کوچوں میں صفائی کے بہترین اور مثالی انتظامات پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔