لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن ملکی تاریخ میں قومی وقار، خودداری اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاعی عزم کی علامت ہے۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں حمزہ شہباز نے قائد مسلم لیگ (ن) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998ء کو میاں نواز شریف نے تمام تر عالمی دباؤ اور دھمکیوں کو مسترد کر کے ملکی بقا کا وہ تاریخی فیصلہ کیا جس نے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کے لیے ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ چاغی کے پہاڑ آج بھی گواہی دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی کے تحفظ کے لیے ہر خطرے کے خلاف ایک ہے۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے جوہری پروگرام کو بنانے، اسے پروان چڑھانے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے والا ہر سائنسدان اور فرد قوم کا اصل ہیرو ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ہمارا ایٹمی پروگرام خطے میں امن اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کا ضامن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یومِ تکبیر ہمیں یہ سبق سکھاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارے وجود اور ملکی سلامتی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔