لاہور: ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا اور ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے 1 ہزار 12 فوڈ پوائنٹس، پروسیسنگ یونٹس اور سپلائرز کی اچانک چیکنگ کی۔ مروجہ قوانین اور صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 105 مالکان کو 13 لاکھ 78 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران 2 من سے زائد ناقص، لوز اور زائد المیعاد اشیاء برآمد کر کے موقع پر ہی تلف کر دی گئیں۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق 555 فوڈ پوائنٹس کو حالاتِ زار بہتر بنانے کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ عید الاضحیٰ کی مناسبت سے اتھارٹی کی خصوصی ٹیمیں اس وقت مارکیٹوں میں قیمہ کرنے، ران روسٹ اور سری پائے تیار کرنے والے اسٹالز کی بھی سخت مانیٹرنگ اور چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ شہریوں تک معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔