لاہور:عید کے دوسرے روز لاہور کے رنگ مزید نکھر گئے اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد عید کی خوشیوں کو یادگار بنانے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئی۔ زندہ دلانِ لاہور نے عید کا مزہ دوبالا کرنے کے لیے شہر کے مختلف تفریحی مقامات کا رخ کیا، جس کے باعث پارکوں اور پکنک پوائنٹس پر غیر معمولی رش دیکھا گیا۔
سب سے زیادہ گہما گہمی لاہور چڑیا گھر میں رہی، جہاں فیملیز اور بچوں کا تانتا بندھا رہا۔ ننھے منے بچے رنگ برنگے لباس پہنے جہاں شیر، ہاتھی اور دیگر جانوروں کو دیکھ کر خوشی سے اچھل کود کرتے رہے، وہیں بڑے بھی اس تفریح سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ چڑیا گھر میں موجود جھولوں پر بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور ہر طرف عید کی حقیقی رونقیں بکھری نظر آئیں۔
تفریح کے لیے آئے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کا پہلا دن قربانی اور مہمانوں کی آمد و رفت کی مصروفیت میں گزرنے کے بعد، دوسرا دن بچوں کے ساتھ اچھے ماحول میں وقت گزارنے کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بھی عید کے اس بڑے ہجوم کے پیشِ نظر سیکیورٹی، پارکنگ اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ شہری پرسکون انداز میں عید کی خوشیاں سمیٹ سکیں۔