عید کے دوسرے روز بھی لاہور پولیس کا سیکیورٹی پلان فعال،فورس الرٹ

عید کے دوسرے روز بھی لاہور پولیس کا سیکیورٹی پلان فعال،فورس الرٹ

لاہور:عید الفطر کے دوسرے روز تفریحی مقامات پر شہریوں کے بڑھتے ہوئے رش کے پیشِ نظر لاہور پولیس کا سیکیورٹی پلان پوری طرح فعال ہے، اور پولیس فورس ہر اہم مقام پر ہائی الرٹ اور مستعد نظر آ رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، فیصل کامران نے عید کی چھٹیوں میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خود فیلڈ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے شہر کے مختلف بڑے پارکوں اور فیملی پوائنٹس کے اچانک دورے کیے، ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو بریف کیا اور سیکیورٹی کے مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

سیکیورٹی پلان کے مطابق، شہر بھر کے پارکس اور تفریح گاہوں میں 15 سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، پارکوں میں آنے والی خواتین اور بچوں کی سیکیورٹی کے لیے لیڈیز پولیس اور خصوصی اسکوڈز بھی پوری طرح متحرک ہیں جو منچلوں اور ہلڑ بازی کرنے والے عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ڈی آئی جی فیصل کامران نے ہدایات جاری کی ہیں کہ شہریوں کی خوشیوں اور پرامن ماحول میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ٹیگز: