لاہور :عید الاضحیٰ کے دوسرے روز سنتِ ابراہیمیؑ کی ادائیگی اور گوشت کی تقسیم سے فارغ ہونے کے بعد شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے عید کی خوشیاں منانے کے لیے لاہور کے مختلف پارکوں کا رخ کر لیا، جس کے باعث تفریحی مقامات پر غیر معمولی گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے۔
خوشگوار موسم اور عید کی چھٹیوں کا لطف اٹھانے کے لیے فیملیز اور منچلوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی ہے۔ شہر کے بڑے پارکوں میں اس وقت ہر طرف بچوں کے قہقہے گونج رہے ہیں اور ننھے منے بچے رنگ برنگے لباس پہنے جھولوں، سلائیڈز اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب، نوجوانوں اور دوستوں کی محفلیں بھی جمی ہوئی ہیں جو عید کے اس موقع پر گپ شپ اور ہنسی مذاق میں مصروف نظر آتے ہیں۔
تفریح کے لیے آئے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کا پہلا دن قربانی کی گہما گہمی اور مصروفیات میں گزرنے کے بعد، عید کا دوسرا دن اہلخانہ اور بچوں کے ساتھ باہر گھومنے پھرنے کا ہوتا ہے اور اس تفریح کا اپنا ہی ایک الگ مزہ ہے۔ تیز دھوپ کے باوجود پارکوں میں شہریوں کا جوش و خروش دیدنی ہے اور رونقوں کا یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔