لاہور:ضلعی انتظامیہ لاہور نے بسنت 2026 کے انعقاد کی اجازت دیتے ہوئے پتنگ بازی سے متعلق تفصیلی قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری 2026 کو بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کی جا سکے گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بسنت کے دوران صرف منظور شدہ اور معیاری سامان کے استعمال کی اجازت ہو گی۔ پتنگ بازی کے سامان کی تیاری اور تجارت 30 دسمبر 2025 سے 8 فروری 2026 تک قانونی ہو گی، جبکہ عوام کو سامان فروخت کرنے کی اجازت یکم فروری سے 8 فروری تک دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق صرف وہی دکاندار پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے جو باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہوں گے۔ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کی رجسٹریشن کا عمل 29 دسمبر 2025 سے شروع ہو چکا ہے، جو ای-بز ایپ یا basant.punjab.gov.pk کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔
نوٹیفکیشن میں چرخی کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رکھی گئی ہے، جبکہ دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک اور تیز مانجھا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ صرف مقررہ معیار کے مطابق روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پتنگوں کے سائز اور تعداد سے متعلق حدیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ دکاندار اپنے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس نمایاں مقام پر آویزاں کریں اور سامان کی تیاری، فروخت اور نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ برقرار رکھیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو منظم اور محفوظ بنانا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔