لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے 30 سے 31 جولائی کے دوران دریائے چناب اور جہلم میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، دریائے راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ مقام پر آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گجرانوالہ اور لاہور میں شدید بارشوں کی توقع ظاہر کی ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو محتاط رہنے اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔