لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پانی کے تحفظ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آبی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے اہم اقدامات کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر اور واٹر مینجمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب میں پانی کی بچت، گراؤنڈ واٹر مینجمنٹ اور آبی وسائل کے تحفظ سے متعلق رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پوٹھوہار کے بارانی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے آئندہ تین سالوں میں 800 مزید چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔ حکام کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے 32 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی، جس سے زرعی ضروریات پوری کرنے اور زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پانی کی حفاظت آنے والی نسلوں کی ضرورت ہے، پنجاب حکومت آبی وسائل کے تحفظ، پانی کے ضیاع کی روک تھام اور جدید واٹر مینجمنٹ نظام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔