لاہور:لاہور میں موسم نے کروٹ بدل لی ہے اور سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں درجۂ حرارت مزید گرنے لگا ہے جبکہ فضا میں نمی بڑھنے کے باعث دھند کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔ دھند اور سموگ کے ملاپ نے فضائی آلودگی کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔
ماحولیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 214 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہر دنیا کے پانچ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کمزور ہوائیں، صنعتی اخراج اور ٹریفک کے بڑھتے دباؤ آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز، ماسک کا استعمال اور صبح کے دھند زدہ اوقات میں خصوصی احتیاط شامل ہے۔
مزید اقدامات کے طور پر متعلقہ ادارے اخراج پر قابو پانے اور فضائی معیارات بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہیں۔