لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ خطے کی صورتحال میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے اور دشمن کے حملے کے بعد بہادری سے مقابلہ کیا جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
انہوں نے تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کی نوجوانوں کے مستقبل کے لیے کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا اور بتایا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ سپیکر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی ملک کی ترقی کی کلید ہے۔
ملک محمد احمد خان نے ٹورازم انڈسٹری کو پاکستان کی بڑی معاشی قوت قرار دیا اور تعلیم کے شعبے میں فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کروڑوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور حکومت کو تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کرنا ہوگا تاکہ حقیقی تبدیلی ممکن ہو سکے۔ اسپیکر نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک بچے کی اے لیول تعلیم پر پچاس ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ اسکول کے عام طالبعلم پر حکومت صرف 77 ڈالر سالانہ خرچ کرتی ہے، اور اس فرق کو کم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا، "پاکستان نے وقت ضائع کیا، مگر اب سمت درست کرنے کا وقت ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ہی ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔"