لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اتحاد بین المسلمین کمیٹی سے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں بہتری کے لیے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہیں اور تمام مذہبی جماعتیں اس اتحاد کا حصہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ریاست اور عوام علمائے کرام کو اپنا رہنما مانتی ہیں، اور مذہب کے نام پر جہاں بھی اتحاد کی ضرورت ہو، سب متحد ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیار اٹھانا، بے گناہوں کو نشانہ بنانا اور سڑکیں بند کرنا کسی صورت قبول نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں بعض جماعتیں سیاسی مقاصد کے لیے یا دوسروں کو نیچا دکھانے کے لیے میدان میں اتاری گئی تھیں، لیکن سیاست اور مذہب کی آڑ میں املاک کو نقصان پہنچانا اور عوام کی جان و مال کا نقصان برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کی حفاظت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا اور کہا کہ بطور وزیراعلیٰ ہر ممکن کوشش کریں گی کہ عوام کا جان و مال اور عزت محفوظ رہے۔