پنجاب کے سکولوں میں بوگس انرولمنٹ کا انکشاف، محکمہ تعلیم نے فوری ایکشن لے لیا،ڈیٹا کی درستی کا حکم 

پنجاب کے سکولوں میں بوگس انرولمنٹ کا انکشاف، محکمہ تعلیم نے فوری ایکشن لے لیا،ڈیٹا کی درستی کا حکم 

لاہور: پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی بوگس انرولمنٹ کے انکشاف پر محکمہ تعلیم پنجاب نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام اضلاع کو انرولمنٹ ڈیٹا کی درستی کا حکم دے دیا ہے۔

نمائندہ لاہور نیوز اویس گجر کے مطابق ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا عبد القیوم خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسکول انفارمیشن سسٹم (SIS) پر طلبہ کا ڈیٹا مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ پروگرام مانیٹرنگ یونٹ (PMIU) کی جانب سے نشاندہی کی گئی بے ضابطگیوں کو فوری طور پر درست کیا جائے۔

محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (CEOs) اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز (DEAs) کو ہدایت کی ہے کہ انرولمنٹ ڈیٹا میں کسی قسم کی غلطی یا بوگس اندراج برداشت نہیں کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جو طلبہ سکول چھوڑ چکے ہیں یا مسلسل غیر حاضر ہیں، ان کا ریکارڈ فوراً سسٹم پر اپ ڈیٹ کیا جائے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ جو سکول سربراہان ڈیٹا اپڈیٹ کرنے میں غفلت برتیں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
 محکمہ تعلیم کی ہدایات کے بعد پنجاب کے تمام اضلاع میں انرولمنٹ ڈیٹا کی تصدیق اور درستی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

ٹیگز: