کچہ کے عوام کے لیے خوشخبری: وزیراعلیٰ مریم نواز کا 23 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

کچہ کے عوام کے لیے خوشخبری: وزیراعلیٰ مریم نواز کا 23 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

 ہزار 500 ایکڑ سرکاری زمین مقامی باسیوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ؛ ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام کا باقاعدہ آغاز

رحیم یار خان / لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچہ ایریا کی تقدیر بدلنے کے لیے تاریخی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ علاقے سے جرائم کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے 23 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کا مقصد کچہ کے محروم طبقات کو معاشی دھارے میں شامل کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کچہ کے باسیوں کو زمین کا مالک بنانے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی لوگوں کو دینے کا حکم دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوان جرائم کے بجائے زراعت سے وابستہ ہو کر باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
 کچہ کے دشوار گزار راستوں کو آسان بنانے کے لیے نئی سڑکیں اور پل (برج) تعمیر کیے جائیں گے۔ علاقے میں جدید اسکولوں اور اسپتالوں کا جال بچھایا جائے گا تاکہ عوام کو دہلیز پر علاج اور تعلیم مل سکے۔ امن و امان کی مستقل بحالی کے لیے تمام تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جس سے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر سخت نظر رکھی جا سکے گی۔
کچہ کے ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وزیراعلیٰ نے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔     300 طلبہ کو ہونہار اسکالر شپ دی جائے گی تاکہ وہ مالی فکر کے بغیر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔    300 طلبہ کو تعلیمی و تحقیقی مقاصد کے لیے لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کچہ میں ترقی کا نیا دور شروع ہو رہا ہے، جہاں بندوق کے بجائے قلم اور ہل چلے گا، اور ریاست ہر شہری کے جان و مال اور روزگار کی حفاظت یقینی بنائے گی۔

ٹیگز: