لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کچے کا نقشہ بدل دیا جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ "کچا اب کچا نہیں رہے گا، ہم اسے پکا کریں گے"، یعنی ان علاقوں میں مستقل ترقیاتی کام کیے جائیں گے اور پولیس چوکیوں کو مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ فورسز نے کچے کے علاقے کو شرپسندوں سے کلیئر کروا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کے سامنے ڈاکوؤں نے گھٹنے ٹیک دیے اور خود ہتھیار ڈالنے کو ترجیح دی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے واضح احکامات ہیں کہ پنجاب کے کسی بھی حصے میں جرائم پیشہ افراد کی پناہ گاہیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ حکومت کا مقصد ہر شہری کو تحفظ فراہم کرنا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔