لاہور: زندہ دلانِ لاہور کے شہر میں بسنت کے رنگ ہر سو بکھرنے لگے ہیں۔ جہاں آسمان پتنگوں سے سجنے کی تیاری میں ہے، وہی لاہور کی سڑکوں پر دوڑتی بسیں بھی بسنت کے خوبصورت اور دلکش رنگوں میں رنگ گئی ہیں، جس نے شہر کے حسن کو مزید دوبالا کر دیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیرِ انتظام چلنے والی بسوں کو بسنت کی مناسبت سے خصوصی طور پر سجایا گیا ہے۔
بسوں پر بسنت کے روایتی رنگوں اور ثقافتی نقش و نگار کا استعمال کیا گیا ہے، جو لاہور کی قدیم روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔
سڑکوں پر چلتی یہ رنگین بسیں شہریوں، خصوصاً سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ بس اسٹاپس پر موجود مسافر ان بسوں کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بناتے نظر آ رہے ہیں۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق، اس اقدام کا مقصد لاہور کی ثقافت کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو بسنت کے تہوار کے حوالے سے ایک خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔ ان بسوں کے ذریعے لاہور کے روایتی تہواروں کو جدید انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بسوں کی اس نئی لُک نے نہ صرف سفر کو دلچسپ بنا دیا ہے بلکہ شہر میں جشن کا سماں پیدا کر دیا ہے۔
اگرچہ بسنت کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے بسوں کو ان رنگوں میں رنگنا اس بات کا ثبوت ہے کہ لاہور اپنی روایات سے کبھی دور نہیں رہ سکتا۔ اب لاہور کی سڑکیں کسی متحرک آرٹ گیلری کا منظر پیش کر رہی ہیں۔