کاہنہ میں افسوسناک واقعہ، اکیڈمی کی چھت گرنے سے بچے ملبے تلے دب گئے

کاہنہ میں افسوسناک واقعہ، اکیڈمی کی چھت گرنے سے بچے ملبے تلے دب گئے

لاہور: کاہنہ نو فیروز پور روڈ کے علاقے میں قائم ایک اکیڈمی کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں14 سے زائدبچے  جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے بچوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔حکام کے مطابق چھت ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی، جو گرنے سے حادثہ پیش آیا۔

۔ ریسکیو حکام کے مطابق 19 زخمی بچوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو ٹیموں کا امدادی آپریشن جاری ہے، جبکہ مزید بچوں کی تلاش کے لیے ملبہ ہٹانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے مالک مکان سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق بچوں کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری، بہترین اور ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں بروقت علاج میسر آ سکے۔

ٹیگز: