لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے واسا اور تمام بلدیاتی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف آپریشن شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ نکاسیِ آب کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بارش کا پانی شہریوں کے لیے زحمت نہیں بننا چاہیے، اس لیے تمام اربن ایریاز (شہری علاقوں) اور اہم شاہراہوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واسا حکام کو پابند کیا کہ وہ نکاسیِ آب کے آپریشنز کی مسلسل نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈسپوزل اسٹیشنز پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری رسپانس دیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا ٹریفک جام کی صورتحال سے بچایا جا سکے۔