لاہور:سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی صحت اور بیرونِ ملک دورے کے حوالے سے جاری افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا خاتمہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مریم نواز کی سرجری لاہور کے شریف میڈیکل سٹی میں ہی کامیابی سے مکمل ہوئی ہے اور وہ اپنے علاج معالجے کے لیے ملک سے باہر کہیں نہیں جا رہیں، لہٰذا اس حساس معاملے پر سیاست بند ہونی چاہیے۔
وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی کا گرینڈ آپریشن مریم نواز کی براہِ راست نگرانی میں تاریخی طور پر کامیاب رہا۔ شدید گرمی کے باوجود فیلڈ میں پسینہ بہانے والے 'ستھرا پنجاب' کے ورکرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ان کے لیے 10،10 ہزار روپے فی کس نقد انعام کا بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے دوران 41 ہزار سے زائد شہریوں نے حکومتی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جن کا فوری ازالہ کیا گیا، جس کی بدولت یہ مہم سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بنی رہی۔
مریم اورنگزیب نے مون سون اور سیلاب کی آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نہ کرے صوبے کو کسی ناگہانی آفت کا سامنا ہو، لیکن مریم نواز کی متحرک قیادت میں حکومت کا ہنگامی پلان 100 فیصد تیار ہے، جس کی تفصیلی بریفنگ وہ خود آئندہ چند روز میں میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پنجاب نے پبلک سروس کی نئی مثال قائم کر دی ہے اور سیاست سے بالاتر ہو کر دوسرے صوبوں کو بھی اس سے اچھی چیزیں سیکھنی چاہئیں، کیونکہ ہمارا واحد مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔