لاہور : پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے لیے یونیفارم کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کے قریب پہنچ گیا۔ دو سال کے طویل وقفے کے بعد اولیو گرین (زیتونی رنگ) کی نئی یونیفارم کی خریداری کا عمل حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پولیس فورس کے لیے 2 لاکھ سے زائد یونیفارمز خریدی جائیں گی۔ اس بڑے منصوبے کے لیے حکومتِ پنجاب نے ڈیڑھ ارب روپے کے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں، جس میں وردی کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اسسریز (Accessories) بھی شامل ہوں گی۔
یونیفارم کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیکنیکل بڈ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 6 کمپنیوں نے ٹیکنیکل بڈ میں حصہ لیا۔ سخت جانچ پڑتال کے بعد صرف 2 کمپنیوں کے سیمپلز کو میرٹ کے مطابق اور پاس قرار دیا گیا ہے۔ ان کمپنیوں کو اب کوالٹی کے سخت معیار کے مطابق یونیفارم کی تیاری کا آرڈر دیا جائے گا۔