لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی تازہ صورتحال پر فیکٹ شیٹ جاری کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں فیصل آباد میں 100 ملی میٹر، گجرانوالہ میں 47 اور جھنگ میں 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے انتظامی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب جبکہ خانکی اور قادرآباد کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تاہم پانی کا بہاؤ گزشتہ روز کے مقابلے میں کم ہوا ہے۔