لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی یقینی بنانے پر زور دیا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، اور سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز کے اطراف اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کا قیام اور شہریوں کی جان و مال و املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔
آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ نماز جمعہ کے بعد مساجد کے ذریعے شہریوں کے مسائل سنیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔