لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد موٹر ویز اور قومی شاہراہوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر ویز پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو لاہور سے بالکسر، ایم تھری لاہور سے ملتان، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان، ایم فائیو ملتان سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سیالکوٹ تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر بھی کئی مقامات شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، اقبال آباد، رحیم یار خان، داؤدخیل اور صادق آباد میں دھند کے باعث حدِ نگاہ 0 سے 100 میٹر تک محدود ہو چکی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔