"پنجاب میں غیر قانونی شکار کا دور ختم"، مریم نواز کا جنگلی حیات کے عالمی دن پر دو ٹوک پیغام

  

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صوبے میں جنگلی حیات کے تحفظ اور بقا کے لیے کیے گئے تاریخی اقدامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمین پر حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے جنگلی حیات کا تحفظ کوئی آپشن نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے غیر قانونی شکار اور جانوروں کی غیر قانونی ملکیت کے خاتمے کے لیے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 اور پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ میں دور رس نتائج کی حامل ترامیم کی ہیں۔ ان ترامیم کا مقصد جنگلی حیات کے قدرتی مسکن کو محفوظ بنانا اور قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
مریم نواز شریف نے ایک اور اہم اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  مقید جانوروں اور پرندوں کو رکھنے کے لیے پہلی بار بین الاقوامی معیار کے مطابق رہائشی اسٹینڈرڈز (Housing Standards) مقرر کیے گئے ہیں۔ان اقدامات کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ جو پرندے یا جانور قانونی طور پر رکھے گئے ہیں، انہیں مناسب جگہ اور ماحول فراہم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک متوازن اور محفوظ ماحول دینے کے لیے پرعزم ہیں اور جنگلی حیات کا فروغ اسی مشن کا حصہ ہے۔

ٹیگز: