لاہور:سال 2025 کے دوران آئی جی پنجاب کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال ون سیون ایٹ سیون (1787) کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد شکایات کو کامیابی سے حل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مقدمات کے اندراج سے متعلق 64 ہزار سے زائد جبکہ سست تفتیش سے متعلق 39 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ پولیس سروسز سے متعلق 7 ہزار 965 اور محکمانہ و دیگر معاملات سے متعلق 9 ہزار 596 شکایات بھی حل کی گئیں۔
اسی طرح ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 8 ہزار 603، ریکوری سے متعلق 15 ہزار 209 اور ناقص تفتیش سے متعلق 7 ہزار 853 شکایات کو نمٹایا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے کمپلینٹ سنٹر کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ پولیس سروسز میں شفافیت اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔