بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے ریسکیو 1122 کا خصوصی ایمرجنسی پلان

بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے ریسکیو 1122 کا خصوصی ایمرجنسی پلان

لاہور : پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی حفاظت کے لیے 6 سے 8 فروری تک ایک خصوصی ایمرجنسی پلان تیار کیا ہے۔ ریسکیو 1122 لاہور کے مطابق، اس دوران شہر بھر میں 1200 سے زائد ریسکیورز، 56 ایمبولینسز، 24 فائر وہیکلز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس اہم مقامات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ لاہور میں قائم 23 ریسکیو اسٹیشنز کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں 180 خصوصی پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں ایمرجنسی ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس ہمہ وقت دستیاب رہیں گی۔ خاص طور پر تنگ گلیوں اور رش والی جگہوں پر بروقت رسائی کے لیے ریسکیو موٹر بائیکس کو مخصوص پوائنٹس پر تعینات کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، ریسکیو 1122 نے بسنت کے دوران شہر کے مخصوص علاقوں جیسے والڈ سٹی، مزنگ، اچھرہ، شاد باغ اور داتا دربار میں خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ان علاقوں میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی اضلاع سے فوری بیک اپ ریسکیو ٹیمیں بھی دستیاب ہوں گی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کا کہنا تھا کہ بسنت فیسٹیول کے دوران ریسکیو اور میڈیکل کور کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، تاہم روٹین ریسکیو آپریشنز بھی جاری رہیں گے۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر اور ضلعی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور تمام ریسکیو سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔

ٹیگز: