لاہور : بلوچستان پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پیز کے 35 رکنی وفد نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت کورس کمانڈر ایس پی اورنگزیب کر رہے تھے، جہاں انہیں لاہور پولیس کی ورکنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور نے وفد کو لاہور پولیس کے تنظیمی ڈھانچے، پیشہ ورانہ تربیت، کرائم کنٹرول اقدامات اور پولیس کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ زیرِ تربیت افسران کو بتایا گیا کہ کس طرح جدید نظام کے ذریعے بڑے شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔
اس موقع پر سی سی پی او لاہور، بلال صدیق کمیانہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کو بروقت ٹریس کرنا ایک محفوظ معاشرے کی بنیاد ہے۔ ان کے خطاب کے اہم نکات درج ذیل تھے ۔ فیلڈ افسران پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائیں۔ بڑھتے ہوئے سائبر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ جرائم کے خاتمے کے لیے بنیادی سطح پر عوام سے مضبوط رابطہ استوار کیا جائے۔
زیرِ تربیت افسران بلوچستان میں پرامن ماحول کے قیام اور صوبے کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔بلوچستان پولیس کے وفد نے لاہور پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات اور جدید سسٹم کو سراہا۔ دورے کے اختتام پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور وفد کے سربراہ ایس پی اورنگزیب کے مابین یادگاری سووینیئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔