لاہور : پنجاب پولیس کے شہدا اور حاضر سروس ملازمین کے بچوں کی تعلیمی میدان میں فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ شہید ڈی ایس پی طارق کمبوہ کی صاحبزادی ماہ نور طارق نے سی ایس ایس (CSS) کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے پولیس سروسز آف پاکستان (PSP) جوائن کر لی ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم سے سینٹرل پولیس آفس میں ماہ نور طارق اور ان کے اہلخانہ نے خصوصی ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے ماہ نور طارق کو مقابلے کے اعلیٰ ترین امتحان میں کامیابی اور بطور پولیس افسر تقرری پر بھرپور مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید ڈی ایس پی طارق کمبوہ کی اہلیہ کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی اہلیہ نے محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود بیٹی کی بہترین تعلیم و تربیت کر کے ایک مثال قائم کی ہے۔
پنجاب پولیس اپنے شہدا کے خاندانوں کی کفالت اور ان کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔آئی جی پنجاب نے ماہ نور طارق کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور اختیارات کو ملک و قوم کی تعمیر و ترقی اور مظلوم عوام کی خدمت کے لیے وقف کریں۔ انہوں نے ماہ نور کی کامیابی کو پولیس فورس کے تمام شہدا کے خاندانوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔