لاہور/اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ہدایات پر ملک بھر میں ایندھن کی بچت کو یقینی بنانے کے لیے موٹرویز اور قومی شاہراہوں (Highways) پر گاڑیوں کی حدِ رفتار میں کمی کر دی گئی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن نے نئی حدِ رفتار کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
موٹرویز پر سفر کرنے والی گاڑیوں کے لیے رفتار کے نئے ضابطے درج ذیل ہیں۔ کار اور ایل ٹی وی (LTV)کی سابقہ رفتار 120 کلومیٹر سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے۔ ایچ ٹی وی (HTV کی سابقہ رفتار 110 کلومیٹر سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
نیشنل ہائی ویز پر بھی ایندھن کی بچت کے پیشِ نظر رفتار میں بڑی کمی کی گئی ہے۔ کار اور ایل ٹی وی (LTV)،سابقہ رفتار 100 کلومیٹر سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ، پی ایس وی (PSV) اور ایچ ٹی وی (HTV): سابقہ رفتار 80 کلومیٹر سے کم کر کے اب 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد ملک میں ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کنٹرول کرنا اور توانائی کی بچت ہے۔ موٹروے پولیس نے مسافروں اور ڈرائیوروں کی سہولت اور آگاہی کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے تاکہ شہری نئے قوانین سے باخبر رہ سکیں۔