لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلاحی منصوبے “اپنی چھت اپنا گھر” نے صوبے بھر میں ہزاروں خاندانوں کو کرایہ داری اور غیر یقینی صورتحال سے نجات دلا دی ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس پروگرام کے تحت اب تک 64 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت پہلی قسط میں اب تک 1 لاکھ 21 ہزار 480 قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جس سے مستحق خاندانوں کو اپنے گھر کی تعمیر کا عملی موقع ملا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق 21 ہزار 390 خاندانوں کو جلد دوسری قسط جاری کر دی جائے گی تاکہ گھروں کی تعمیر کا عمل بروقت مکمل ہو سکے۔
پروگرام کے تحت کم آمدن والے خاندانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی سے نہ صرف رہائشی مسائل حل ہو رہے ہیں بلکہ عوام میں تحفظ اور استحکام کا احساس بھی بڑھ رہا ہے۔