لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے "چینی زبان کے عالمی دن" کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ چینی زبان سیکھنا پاک چین دوستی کو مزید بلندیوں تک پہنچانے اور باہمی تعاون کو مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے چینی زبان کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج دنیا میں تقریباً سوا ارب (1.25 ارب) افراد چینی زبان بولتے ہیں۔ یہ زبان نہ صرف ایک قدیم ثقافت کی عکاس ہے بلکہ موجودہ دور میں عالمی تجارت اور ڈپلومیسی کی ضرورت بھی بن چکی ہے۔
مریم نواز نے ایک اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں چینی باشندوں اور ماہرین کی سکیورٹی پر مامور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا زبان سیکھنے سے نہ صرف چینی ثقافت کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے چینی بھائیوں کے ساتھ عوامی سطح پر تعلقات اور ہم آہنگی کو بھی فروغ دیا جا سکے گا۔ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لیے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان براہِ راست رابطے ضروری ہیں، اور چینی زبان اس مقصد کے حصول کے لیے ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔