عید کا دوسرا رنگ: 'ملکہ کوہسار' سے 'دامنِ کوہ' تک خوشیوں کا سیلاب، اپنوں کی قربت اور لذیذ پکوانوں کی بہار

عید کا دوسرا رنگ: 'ملکہ کوہسار' سے 'دامنِ کوہ' تک خوشیوں کا سیلاب، اپنوں کی قربت اور لذیذ پکوانوں کی بہار

لاہور،اسلام آباد/ راولپنڈی: میٹھی عید کا دوسرا روز ملک بھر میں روایتی جوش و خروش اور رعنائیوں کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ گھروں کی چہل پہل اب شاہراہوں اور سیاحتی مقامات پر منتقل ہو گئی ہے، جہاں شہریوں نے عید کی خوشیوں کو یادگار بنانے کے لیے کمر کس لی ہے۔
آج صبح ہوتے ہی جڑواں شہروں کے باسیوں نے فطرت کے نظاروں کا رخ کر لیا ہے۔ مری، دامنِ کوہ، پیر سوہاوہ اور لیک ویو پارک میں اس قدر رش ہے کہ تل دھرنے کی جگہ نہیں مل رہی۔پنجاب اور خیبر پختونخوا سے سیاحوں کے قافلے مری اور نتھیا گلی کی جانب رواں دواں ہیں، جس کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔
پارکوں میں لگے جھولوں پر بچوں کا شور و غل اور قہقہے عید کی اصل روح کو زندہ کر رہے ہیں۔ بچے اپنی عیدی کے پیسوں سے کھلونے خریدنے اور میلوں کے اسٹالز پر خوب ہلہ گلہ کرنے میں مصروف ہیں۔
عید کے پہلے دن گھروں پر مہمانوں کا استقبال کرنے والے شہری آج خود اپنے عزیز و اقارب کے ہاں دعوتوں پر نکل کھڑے ہوئے ہیں۔ دسترخوانوں پر لذیذ پکوانوں کی خوشبو پھیلی ہوئی ہے اور قہقہوں کے درمیان پرانے رشتوں کی تجدید ہو رہی ہے۔جیسے جیسے سورج ڈھل رہا ہے، شہر کے بڑے ریسٹورنٹس اور فوڈ اسٹریٹس پر گہما گہمی بڑھتی جا رہی ہے۔ برگر، پیزا اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر نوجوانوں کی ٹولیاں نظر آ رہی ہیں۔ خاندان کے بڑے دیسی کھانوں اور چائے کی چسکیوں کے ساتھ عید کی خوشیاں دوبالا کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے خوشگوار موسم کی نوید نے شہریوں کے ذوق و شوق کو مزید مہمیز دی ہے، جس کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل کر عید کی یادیں سمیٹ رہے ہیں۔

ٹیگز: