پاکستان کی ترقی کے لیے سمت کا تعین ضروری ہے ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

پاکستان کی ترقی کے لیے سمت کا تعین ضروری ہے ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

کراچی: ایپ سپ کے زیر اہتمام ملک گیر آگاہی مہم "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے سلسلے میں آئی او بی ایم کورنگی کریک میں ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں اپنی سمت کا درست تعین کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم صحیح سمت میں قدم اٹھائیں، تو منزل خود بخود سامنے آ جائے گی۔

 پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے ملک کی ترقی کے لیے انفرادی کردار سازی کی اہمیت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا، "ہم ڈاکٹر اور انجینئر تو بنا رہے ہیں لیکن اچھے انسان نہیں بنا رہے۔" ان کے مطابق اگر ہم اپنے اخلاقی اور ذاتی کردار کو بہتر نہیں کرتے، تو ہم معاشرتی ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتے۔

پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے  پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان  نے کہا کہ "پاکستان مسلمانوں کا ملک ہے، لیکن شفافیت کے حوالے سے ہمارا نمبر 137 ہے اور ہم ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں ان ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں جہاں خانہ جنگی ہے۔" انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب مل کر سوچیں اور کام کریں۔

کراچی کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان  نے کہا، "کراچی کی حالت پر رونا آتا ہے، لیکن اگر ہم سب مل کر کام کریں تو اس شہر کی تقدیر بدل سکتی ہے۔" ان کے مطابق کراچی کی حالت صرف سیاستدانوں کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ طلبہ اور تمام شہریوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا تاکہ ہم اس شہر کو بہتر بنا سکیں۔

 پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان  کا پیغام واضح تھا: "ہمیں نبی کریم ﷺ کے اصولوں کو اپنانا ہوگا تاکہ ہم ایک بہترین معاشرہ قائم کر سکیں۔" انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ترقی کرنا چاہتے ہیں اور معاشرتی سطح پر منفرد بننا چاہتے ہیں، تو انہیں اپنی سمت کو درست کرنا ہوگا۔

ٹیگز: