لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے افغانستان کی جانب سے حالیہ سرحدی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ حملہ آور جس تیزی سے پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھے تھے، افواجِ پاکستان کے نپے تلے اور مؤثر جواب نے انہیں اس سے بھی زیادہ تیزی سے میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والوں کی غلط فہمی اب دور ہو جانی چاہیے۔سینئر صوبائی وزیر نے افغان انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر حملہ نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ افغان انتظامیہ کے اپنے کیے گئے معاہدوں سے انحراف بھی ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خدمت میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، مگر جواب میں جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "معرکہ حق" کی طرح ایک بار پھر عسکری قیادت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے پیشہ ورانہ عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔