لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف نے افغان سرحد پر دشمن کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے سرحدی خلاف ورزی کا جس طرح منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا ہے، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج پیشہ ورانہ مہارت میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں اور دہشت گردی و جارحیت کا جواب دینا بخوبی جانتی ہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں زور دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی پاکستان کی قومی سلامتی کو للکارے گا، اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حمزہ شہباز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس نازک وقت میں پوری قوم تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے بروقت کارروائی پر عسکری قیادت کی حکمتِ عملی کو سراہا۔