لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کو ملک کا دفاعی اور معاشی "ہتھیار" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ان کی سرپرستی کے لیے والدین جیسا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اب محض ترجیح نہیں بلکہ ریاست کی ضرورت بن چکا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ریاست "ماں" کی طرح سوچنا شروع کر دے تو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت میں موڑا جا سکتا ہے۔ حکومت نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حقیقت پسندانہ موقف اپناتے ہوئے کہا کہ آبادی جس رفتار سے بڑھ رہی ہے، ریاست کے لیے سب کو سرکاری ملازمتیں دینا ممکن نہیں۔ اس کا واحد حل نوجوانوں کو جدید ہنر (Skills) سکھانا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ 'پرواز کارڈ' اور 'راہِ روزگار' کے ذریعے نوجوانوں کو فنی تربیت کے ساتھ ساتھ معاشی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ڈگریاں لے کر بے روزگار نہ پھریں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہنر حاصل کرنے کے بعد سستی کا شکار نہ ہوں اور نہ ہی گھروں میں بیٹھیں، بلکہ عملی میدان میں نکل کر اپنی اور ملک کی تقدیر بدلیں۔
وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب حکومت کا سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام نوجوانوں کو عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنائے گا، جس سے نہ صرف بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت کو بھی سہارا ملے گا۔