لاہور: دوسری شادی سے شوہر کو روکنے پر پہلی بیوی پر تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق، شوہر سے نکاح کی خواہشمند خاتون نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہلی بیوی پر حملہ کر کے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ متاثرہ خاتون کے گھر پہنچ گئیں۔ انہوں نے متاثرہ خاتون اور اس کی والدہ سے ملاقات کی اور انہیں مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
حنا پرویز بٹ نے پولیس حکام کو تمام نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیس کی تفتیش شفاف طریقے سے مکمل کی جائے تاکہ متاثرہ خاتون کو جلد انصاف مل سکے۔
پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ایسے واقعات کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خواتین کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔