لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والی ٹیچر نے حادثے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ اچانک پیش آیا اور اس وقت چھت پر کوئی کام نہیں ہو رہا تھا۔
زیر علاج ٹیچر کے مطابق چھت پر تعمیراتی کام صبح 11 بجے کیا گیا تھا، جبکہ حادثہ دوپہر 3 سے 4 بجے کے درمیان پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود اور ان کی بیٹی بھی موقع پر موجود تھیں، جب بچوں کے اکیڈمی سے روانہ ہونے کے وقت اچانک چھت گر گئی۔
ٹیچر نے بتایا کہ وہ خود بھی ملبے تلے دب گئی تھیں اور انہیں یاد نہیں کہ انہیں کب ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 9 سال سے بچوں کو پڑھا رہی ہیں اور یہ تمام بچے ان کے لیے اپنی اولاد کی مانند تھے۔
انہوں نے جاں بحق بچوں کے والدین سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور اس سانحے کو کبھی نہیں بھول سکیں گی۔
حادثے کے بعد زخمی ٹیچر کا علاج جاری ہے، جبکہ واقعے کی مکمل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔