لاہور:ننکانہ صاحب: بابا گورونانک کے جنم دن کے موقع پر صوبائی وزراء نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان، آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ضلعی افسران، امن کمیٹی کے ممبران اور سکھ رہنماؤں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اجلاس کو جنم دن کی تقریبات کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
تقریبات 3 سے 6 نومبر تک جاری رہیں گی، انتظامیہ کے مطابق تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔