لاہور: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (PHIMC) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 104 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف صحت کے فلاحی منصوبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام اور چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ان پروگرامز کے ذریعے مستحق مریضوں کو معیاری اور بروقت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈا آئٹمز پیش کیے گئے، جن پر بورڈ ممبران نے تفصیلی غور و خوض کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبے میں اصلاحات اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں، اور حکومت صحت عامہ کے منصوبوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔