لاہور : مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کر کے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی، جس کا جواب پاکستان نے اپنی دفاعی برتری ثابت کر کے دیا۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی اس حماقت نے عالمی برادری پر واضح کر دیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے پاک فوج کے جرات مندانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں مٹھی بھر جوانوں نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی۔ آج دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری مہارت کا چرچا ہے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جوڑی نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ایک نئی سمت دی ہے، جس کی تعریف خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے پیشگوئی کی کہ دنیا اب 'یونی پولر' (واحد سپر پاور) سے نکل کر 'ملٹی پولر' (کئی سپر پاورز) کے دور میں داخل ہو رہی ہے، جہاں امریکہ کی تنہا حکمرانی ختم ہو جائے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 'گریٹر اسرائیل' کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، اور اب عرب ممالک بھی مسلم اتحاد کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے یکجا ہو رہے ہیں۔