اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے سبب 19 سے 25 جولائی تک پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکورا اور دیگر ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔ علاوہ ازیں، نوشہرہ، مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں میں سیلابی صورتحال اور زمین سرکنے کے امکانات ہیں۔
اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں جیسے راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں بھی بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس سے شہری علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب سکتے ہیں۔
سندھ میں بھی کراچی، حیدرآباد، سکھر اور جیکب آباد میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے شہری علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تیز رفتار ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے دور رہیں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر، متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو اپنی قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔