نوجوان نوکریاں ڈھونڈنے کے بجائے روزگار پیدا کریں، پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان

نوجوان نوکریاں ڈھونڈنے کے بجائے روزگار پیدا کریں، پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان

لاہور: ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، ملک کو ایسی نسل کی ضرورت ہے جو نوکریاں تلاش کرنے کے بجائے روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ ہمیں سب کو مل کر پاکستان کو ایک ’سپیریئر پاکستان‘ بنانا ہے۔

’سی پاکستان 2026‘ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ انہیں شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ سپیریئر یونیورسٹی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ان کے کاروباری آئیڈیاز کو آگے بڑھانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سی پاکستان‘ میں 250 یونیورسٹیوں کے اسٹارٹ اپس نے شرکت کی، جبکہ 4400 اسٹارٹ اپس کے منصوبے موصول ہوئے۔ ان میں 1500 پروجیکٹس خواتین کے تھے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین ملکی معیشت میں فعال اور اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی نے بتایا کہ ایونٹ میں 300 بین الاقوامی اسٹارٹ اپس بھی شریک ہیں، جو 40 ممالک سے پاکستان آئے ہیں۔ ایسے عالمی پلیٹ فارمز نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور بین الاقوامی کاروباری مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا کہ بہتر گورننس کے لیے نئے انتظامی یونٹس ضروری ہیں۔ ’میرا صوبہ، میرا نظام‘ کے تحت عوام میں آگاہی مہم جاری ہے تاکہ انتظامی اصلاحات کی ضرورت کو اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے میاں عامر محمود کی ملکی بہتری کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں کاروبار و روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ٹیگز: