عید الفطر کا تیسرا روز: خوشیوں کی ہیٹ ٹرک، تفریح گاہوں پر لوگوں کا رش

عید الفطر کا تیسرا روز: خوشیوں کی ہیٹ ٹرک، تفریح گاہوں پر لوگوں کا رش

لاہور / کراچی / اسلام آباد :عید الفطر کے تیسرے اور آخری دن بھی ملک بھر میں جشن کا سماں برقرار ہے۔ شہری عید کی چھٹیوں کے آخری لمحات کو یادگار بنانے کے لیے رشتہ داروں کے گھروں اور تفریحی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، جس سے ہر طرف چہل پہل اور رونق لگی ہوئی ہے۔
عید کے تیسرے روز بھی روایتی مہمان نوازی کا سلسلہ عروج پر ہے۔ گھروں میں مہمانوں کی تواضع کے لیے خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے جہاں کڑھائی، بریانی اور دیگر چٹخارے دار کھانوں کے ساتھ ساتھ میٹھے پکوانوں کی بہار ہے۔ بچوں اور بڑوں کی ٹولیاں ایک دوسرے کے گھر جا کر عید کی خوشیاں بانٹ رہی ہیں۔
ملک کے بڑے شہروں میں تفریحی مقامات پر عوام کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ سی ویو کے ساحل پر شہریوں کی بڑی تعداد سمندر کی لہروں سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ راول لیک اور دامن کوہ کے مقام پر فیملیز کا غیر معمولی رش دیکھا گیا، جہاں لوگ خوشگوار موسم کا لطف اٹھا رہے ہیں۔لاہور کا تاریخی چڑیا گھر اور جیلانی پارک (ریس کورس) آج بھی مکمل آباد رہے، جہاں بچوں نے جھولوں اور جانوروں کی دید سے عید کا مزہ دوبالا کیا۔
پارکس اور پبلک مقامات پر لگے جھولے بچوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ بچے اپنی جمع شدہ عیدی سے کھلونے خریدنے اور جھولوں سے لطف اندوز ہونے میں مصروف دکھائی دیے۔

ٹیگز: