ٹرانسمیشن نیٹ ورک کا دفاع: این جی سی نے نیپرا کی کارکردگی رپورٹ کو 'یکطرفہ' قرار دے دیا

 ٹرانسمیشن نیٹ ورک کا دفاع: این جی سی نے نیپرا کی کارکردگی رپورٹ کو 'یکطرفہ' قرار دے دیا

لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے نیپرا کی مالی سال 2024-25 کی کارکردگی رپورٹ پر اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسمیشن اثاثوں کی کارکردگی کو محض اعداد و شمار کے تناظر میں دیکھنا نظام کی اصل تصویر کو مسخ کرنے کے مترادف ہے۔این جی سی نے نیپرا کے "اوور لوڈنگ" کے اعتراضات پر تکنیکی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 
 پاور گریڈ ایک یونٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ کسی ایک ٹرانسفارمر پر بوجھ عارضی ہو سکتا ہے جو سسٹم میں کسی فالٹ یا متبادل سپلائی کی وجہ سے بڑھتا ہے۔رپورٹ میں دی گئی آدھے گھنٹے کی پیک ریڈنگز مستقل دباؤ کی عکاسی نہیں کرتیں۔
 ٹرانسفارمر کی صحت کا اصل پیمانہ کرنٹ نہیں بلکہ اس کی وائنڈنگ کا درجہ حرارت ہے۔ رات کے وقت کم درجہ حرارت میں زیادہ لوڈ برداشت کرنا ڈیزائن کا حصہ ہے۔
این جی سی نے منصوبوں میں تاخیر کا اعتراف کیا لیکن اس کے پسِ پردہ عوامل پر بھی روشنی ڈالی   زمین کے حصول (Right of Way) کے مسائل، سکیورٹی خدشات اور طویل قانونی چارہ جوئی ایسے عوامل ہیں جو کمپنی کے کنٹرول سے باہر تھے۔
 کمپنی نے واضح کیا کہ وہ اپنی اندرونی گورننس اور رسک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے اصلاحات نافذ کر رہی ہے۔
رپورٹ میں مانیٹرنگ سسٹم کو پرانا قرار دینے پر این جی سی نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا   فروری 2025 میں پاکستان کے گرڈ مانیٹرنگ سسٹم کو جدید ترین ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اس وقت ملک کا 70 فیصد سے زائد ٹرانسمیشن نیٹ ورک براہِ راست مانیٹر ہو رہا ہے، جبکہ مانیٹرنگ میں نظر آنے والا معمولی خلا محض فیلڈ آلات کی ہم آہنگی (Integration) کا مسئلہ ہے۔
این جی سی نے جنوب سے شمال بجلی کی ترسیل میں حائل موسمی رکاوٹوں کے حل کے لیے STATCOM اور BESS جیسے جدید منصوبوں کا اعلان کیا ہے، جو سسٹم میں وولٹیج کے استحکام کو یقینی بنائیں گے۔

ٹیگز: