لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 84 ریکارڈ، اسموگ کے خلاف کارروائیاں جاری، مریم اورنگزیب

لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 84 ریکارڈ، اسموگ کے خلاف کارروائیاں جاری، مریم اورنگزیب

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں تیز ہواؤں کے باعث فضائی آلودگی میں بہتری آئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 84 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے بتایا کہ لاہور میں 3 سے 6 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث اے کیو آئی میں بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں انسداد اسموگ اقدامات اور ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔

سینئر وزیر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 23 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 یونٹس سیل کیے گئے جبکہ 2 لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک بھٹہ بھی سیل کیا گیا اور اس پر 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق باربی کیو اور کمرشل کوکنگ پوائنٹس سمیت 65 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 46 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کیے گئے جبکہ 11 مقامات کو خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ لاہور کی شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی کا مسلسل چھڑکاؤ بھی جاری ہے تاکہ فضائی آلودگی اور گردوغبار میں کمی لائی جا سکے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور اسموگ کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ ادارے اقدامات کر رہے ہیں۔

ٹیگز: